• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کار نے خریداروں کو روند ڈالا، 2 کمسن بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی

لندن (پی اے) کرسمس مارکیٹ میں کار نے بے قابو ہو کرخریداروں کو روند ڈالا، جس کے نتیجے میں 2 کمسن بچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے۔ ساؤتھ ویسٹرن ایمبولنس سروس کا کہنا ہے کہ اسے اتوار کو 11:58بجے برسٹل کے نزدیک چپنگ سڈبری کی ہائی اسٹریٹ پر حادثے کی اطلاع ملی، اس حادثے میں 2 کمسن بچوں کے علاوہ 5 بالغ افراد بھی زخمی ہوئے۔ ایون اور سمرسٹ پولیس کا کہنا ہے کہ ایک 80 سالہ فرد نے پارکنگ کی جگہ دیکھتے ہوئے گاڑی لوگوں پر چڑھا دی۔ ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ بڑے پیمانے پر ایمرجنسی کے باوجود کوئی شخص اتنا شدید زخمی نہیں ہوا، جس سے اس کی جان کو کوئی خطرہ ہو۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی 5 ایمبولنسیں، ایک ایئر ایمبولنس اور کئی دوسرے وسائل مارکیٹ ٹاؤن بھیج دیئے گئے جو کہ برسٹل ٹاؤن سے کم وبیش 18 میل کے فاصلے پر ہے، 2 بچوں سمیت 7 پیدل چلنے والوں کو موقع پر ہی طبی امداد دی گئی۔ فیس بک پر پوسٹ کئے گئے بیان میں آرگنائزرز نے اس بات کی تصدیق کی کہ کرسمس کا اتوار بازار حادثے کے باوجود اب بھی جاری ہے۔ انھوں نے کہا کہ پولیس نے ہمیں مشورہ دیا ہے کہ وہ اس بازار کو منسوخ نہ کریں تاکہ ہوبس ہاؤس بیکری سے براڈ اسٹریٹ اور ہارس اسٹریٹ کی ہائی اسٹریٹ کھلی رہے۔ بیان میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ وہ واقعہ کی تصاویر نہ لیں اور سوشل میڈیا پر اس حوالےسے قیاس آرائیاں نہ کریں کیونکہ ایمرجنسی سروسز معاونت کے ضرورت مندوں کی مدد کررہی ہیں۔ یہ ایونٹ 11:00 بجے شروع ہوتا ہے اور 17:30 بجے ختم ہوجاتا ہے۔ ایک عینی شاہد نے، جو مارکیٹ میں پزا کا اسٹال چلاتا ہے بتایا کہ ہم اپنی وین کے سامنے خریداروں سے بات کررہے تھے کہ ہم نے اچانک دیکھا کہ ایک کار پارکنگ ایریا سے آگے بڑھی اور کئی افراد کو کچل دیا۔ انھوں نے بتایا کہ کار نے ایک بچی کو، جو اپنی ماں کے ساتھ پش کار میں تھی، کچل دیا، غالباً پشت پر اس نے کئی اور لوگوں کو بھی کچلا تھا۔ واقعے کے 5 منٹ کے اندر ہی ایمبولنسیں اور پولیس کے ساتھ ہی فائر بریگیڈ کا عملہ بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گیا۔

یورپ سے سے مزید