• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں جمہوری حکومت ہے، تحریک انصاف اب ملک میں دہشت گردی کرنے پر اتر آئی، محسن باری

لندن (سعید نیازی) پاکستان پیپلزپارٹی برطانیہ کے صدر محسن باری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اب پاکستان میں دہشت گردی کرنے پر اتری ہوئی ہے۔ اسلام آباد پر یلغار کرنے کیلئے آئے افراد کے پاس خوفناک اسلحہ بھی تھا، جس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔ وہ پیپلزپارٹی برطانیہ اور گریٹر لندن کے زیراہتمام پارٹی کے 57 ویں یوم تاسیس کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے جس میں پارٹی کے رہنماؤں کی بڑی تعداد نے بھی خطاب کیا۔ محسن باری کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کی اس پیشکش کے باوجود کہ وہ ایک مخصوص مقام پر جلسہ کرکے واپس چلے جائیں لیکن بشری بی بی کی ضد کی وجہ سے حالات بگڑے، آخر یہ پارٹی کس کے خلاف احتجاج کر رہی ہے کیونکہ ملک میں ایک جمہوری حکومت موجود ہے۔ پیپلزپارٹی نے بھی احتجاجی تحریک چلائی، لانگ مارچ کئے، ڈکٹیٹر کے خلاف جدوجہد کی لیکن اس وقت تو ملک میں کوئی ڈکٹیٹر شپ نہیں بلکہ جمہوریت ہے اور یہ خود بھی پارلیمنٹ کا حصہ ہیں لیکن اس کے باوجود اگر یہ اس قسم کے کام کر رہے ہیں تو پھر ہمیں یہ لگتا ہے کہ یہ کسی انٹرنیشنل ایجنڈے کیلئے مصروف عمل ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ ملک کو نقصان پہنچایا جائے۔ محسن باری نے کہا کہ ہمیں عقل کے ناخن لینے چاہیں پاکستان ہے تو سیاسی جماعتیں بھی ہیں۔ انہوں نے ملک کیلئے پارٹی کی خدمات کو گرانقدرقرار دیا اور ان کی تفصیل بھی بیان کی۔ پارٹی کے سیکرٹری جنرل اظہر بڑالوی نے کہا کہ میں ان تمام جمہوریت پسندوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے گزشتہ 57 سال میں اس ملک کے آئینی حقوق کیلئے جدوجہد کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی کو کبھی پورے وقت کیلئے اقتدار نہیں ملا، لیکن اس کے باوجود پاکستان کے جتنے میگا پراجیکٹس ہیں وہ ان کے دور میں شروع ہوئے جن میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنانا، میزائل ٹیکنالوجی سے لیس کرنا اور سب سے بڑی بات ایک متفقہ آئین دینا ہے۔ جس نے پورے ملک کو جوڑ رکھا ہوا ہے دنیا بھر میں جمہوریت پسند لوگ پیپلزپارٹی کی جمہوری خدمات کا اعتراف کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی لاڑکانہ ڈویژن کے انفارمیشن سیکرٹری معشوق علی جتوئی نے کہا کہ پارٹی کا یوم تاسیس منانے کا مقصد بھٹو صاحب کی ان خدمات کو خراج تحسین پیش کرنا ہے جو انہوں نے ملک کیلئے سرانجام دیں۔ بھٹو شہید نے پاکستان کی تاریخ میںپہلی جمہوری سیاسی جماعت کی بنیاد رکھی۔ پیپلزپارٹی کے ورکرز نے ملک میں جمہوریت کیلئے جیل اور ظلم کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو شہید کی خدمات بھی ناقابل فراموش ہیں، مستقبل میں ہمارے قائد بلاول بھٹو زرداری سے بڑی امیدیں ہیں۔ معشوق علی جتوئی نے کہا کہ پاکستان میں ان دنوں ایک فسادی ٹولا، لوگوں کو گمراہ کر رہا ہے اور نوجوان نسل کا وقت ضائع کر رہا ہے ہمیں نوجوانوں کو ایسے عناصر کی سرگرمیوں سے بچانا ہوگا۔ تقریب سے صدر پی پی گریٹر لندن میاں سلیم، شگفتہ نسرین، چوہدری نثار، راجہ قیصر، شوکت ڈار، اشرف چغتائی، اکرم قائم خانی، ڈاکٹر خالد خان، یونس آفریدی، فراز مشوئی، سید کرمانی، مشتاق لاشاری، امانت انجم، لارڈ پاشا و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پیپلز پارٹی 57 برس سے قوم کی خدمت میں مصروف ہے اور برطانیہ میں بھی پارٹی پالیسی یگانگت اور رواداری کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی احتجاج بھی کرے تو وہ انتہائی پرامن ہوتا ہے اور پارٹی کارکنوں نے ہمیشہ قربانیاں دی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی وہ واحد جماعت ہے جس کی قیادت نے بھی اپنی جان کی قربانیاں پیش کی ہیں۔ اس موقع پر یوم تاسیس کا کیک بھی کاٹا گیا اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

یورپ سے سے مزید