کراچی (افضل ندیم ڈوگر) متحدہ عرب امارات کے ترپن ویں قومی دن کی تقریبات جوش و خروش سے جاری ہیں۔ کراچی میں سمبارا آرٹ گیلری میں یو اے ای کے قومی دن کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیرثقافت ذوالفقار شاہ نے بھی شرکت کی۔ یو اے ای کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے آرٹ گیلری میں منعقد ہونے والی تقریب پر شکریہ ادا کیا۔آرٹ گیلری میں یو اے ای کے بانی شیخ زید بن سلطان النہیان کی پینٹنگ بہت خوبصورتی سے بنائی گئی تھی، اسکے ساتھ ساتھ یو اے ای کے صدر و وزیراعظم کی تصاویر بھی خوبصورتی سے بنائی گئی تھیں۔قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ متحدہ عرب امارات کا مخلص بھائی اور مضبوط شراکت دار رہا ہے۔ دوسری جانب کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر بھی یو اے ای کے قومی دن کی تقریب منعقد ہوئی، جہاں ایمریٹس کے مسافروں کو مٹھائی اور دیگر تحائف سے استقبال کیاگیا۔اس موقع پریو اے ای کے پرچم بھی سجائے گئے تھے۔