اسلام آباد (خبر نگار) وزارت انسانی حقوق نے وفاقی وزیر سنیٹر اعظم نذیر تارڑ کی قیادت میں پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب میں فریقین نے اس عہد کی تجدید کی کہ ایسا معاشرہ قائم کرینگے جہاں صنفی بنیادوں پر تشدد نہ ہو۔ وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں cedaw جیسے عالمی معاہدوں اور اینٹی ریپ تحقیقات اور مقدمہ ایکٹ 2021ء اور خواتین کے کام کی جگہ پر ہراسانی کیخلاف تحفظ ایکٹ 2010ء جیسے قوانین پر پیشرفت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ان قوانین کو فوری طور پر نافذ کیا جانا چاہئے۔ اس موقع پر وزارت انسانی حقوق کی پارلیمانی سیکرٹری صباء صادق نے کہا کہ حکومت کلیدی قانونی فریم ورک کو نافذ کرنے اور ایک ایسا ماحول تخلیق کرنے کیلئے کام کر رہی ہے جہاں خواتین اور لڑکیوں کو کام کی جگہ پر ہراسانی سے تحفظ حاصل ہو۔ صنفی تشدد پر فوری انصاف کیلئے خصوصی عدالتوں‘ موبائل عدالتوں اور ہیلپ لائنز کا آغاز حکومت کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔