مانچسٹر(نمائندہ جنگ) وائس چیئرمین اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب ‘ چیف کوآرڈینیٹر انٹرنیشنل افئیرز بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے لاہور میں خصوصی ملاقات کی اور وزیر اعظم کو ملکی معیشت کیلئے دن رات محنت کرنے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے بیرسٹر امجد ملک کو وائس چیئرپرسن اوورسیز کمیشن پنجاب کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے اور کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور انکی فلاح کیلئے وفاق اور پنجاب ملک کر اقدامات کریں گے۔میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز ان کے دل کے انتہائی قریب ہیں اور اوورسیز وزارت، اوورسیز پاکستانی فاؤنڈیشن، اور اوورسیز کمیشن میں پہلی فرصت میں تعیناتیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کام کرنے پر اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل حل کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ گروہ کی پسپائی سے عوام کو ریلیف دینے کے معاملات میں مزید تیزی آ ئے گی ۔وائس چیئر پرسن اوورسیز پاکستانیز کمیشن بیرسٹر امجد ملک نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ او پی ایف اور او پی سی پنجاب ملکر سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے مل کر کام کریں گے۔ بیرسٹر امجد ملک نے اقتصادی پہیہ گھمانے اور اسٹاک ایکس چینج کو بلند سطح پر لے جانے پر حکومت کو مبارکباد دی۔بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ اگر 9 مئی کے بلوائیوں کے وقت پر ٹرائل ہو جاتے تو اب والی صورتحال مختلف ہوتی۔انہوں نے تارکین وطن کیلئے سپیڈی ٹرائل کورٹ کا قانون پاس کروانے اور پی آئی اے کی یورپ میں ڈائریکٹ فلائٹ کی پابندی کے خاتمے پر وزیراعظم اور انکی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ملکر بیرون ملک سوشل میڈیا پر پراپیگنڈایکٹریوں کے عمل دخل اور فیک نیوز کو روکنا ہوگا تاکہ ہیجان، عوام میں سنسنی خیزی اور نفرت کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔