کراچی (عبدالماجد بھٹی) بھارتی میڈیا دعوی کررہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پر آئی سی سی، پاکستان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں۔ پاکستان میگا ایونٹ کی میزبانی کرے گا ۔
معاہدے کی تفصیلات آئی سی سی جاری کرے گا۔ پس پردہ ہونے والی کوششوں کے نتیجے میں برف پگھلنے لگی ہے، ہفتے تک بریک تھرو ہوسکتا ہے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ مزید دو دن انتظار کر لیا جائے۔
بھارت ’’فیوژن فارمولے‘‘ پر رضامند ہوگیا ہے تو یہ اچھی بات ہے، ہم نے اضافی پیسے اور نقصان کے ازالے کی کوئی بات نہیں کی۔ اب بھی کچھ معاملات حل طلب ہیں ، اس لئے کچھ وقت درکار ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان کے فیوژن ماڈل پر ہونے کی توقع ہے۔ اس کے تحت پاکستان دس میچوں کی میزبانی کرے گا جبکہ بھارت اپنے میچ دبئی میں کھیلے گا۔ ایک سیمی فائنل اور فائنل سمیت پانچ میچ دبئی میں ہوں گے۔
بھارت فائنل تک نہیں پہنچتا تو فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔ تین سال تک دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے ملک میں نہیں کھیلیں گی۔
پاکستان تمام معاملات و پیشرفت پر دستاویزی شکل میں گارنٹی چاہتا ہے۔ 2027تک پاکستان بھی بھارت میں کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جمعرات کو آئی سی سی کے نئے چیئرمین جے شاہ اور پی سی بی کے سربراہ محسن نقوی کے درمیان ملاقاتوں کے بعد یہ پیشرفت سامنے آئی۔
ملاقات دبئی میں جے شاہ کی طرف سے منعقد کی گئی بورڈ میٹنگ کے موقع پر ہوئی، جو پہلی بار اپنے نئے کردار میں آئی سی سی ہیڈ کوارٹر کا دورہ کر رہے تھے۔ چیمپئنز ٹرافی پر بحث کے لیے بورڈ اجلاس 7 دسمبر کو شیڈول کیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کی میزبانی میں بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔ پاکستان پندرہ میں سے دس میچ پاکستان میں کرائے گا۔