برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) یورپین دارالحکومت برسلز کی 19میں سے ایک میونسپل کمیٹی سینٹ جوز میں جعلی ووٹوں کے الزام میں کالعدم قرار دیے گئے انتخابات اب 9 فروری کو ہون گے۔ اس حوالے سے برسلز کےحکام نے اس کمیون کے رہائشیوں کو آئندہ ماہ 9فروری کو دوبارہ ووٹ دینے کے لیے مدعو کیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سال 13 اکتوبر کو بیلجیئم میں بلدیاتی انتخابات ہوئے تھے لیکن بعد ازاں ترک اکثریت رکھنے والی اس کمیون میں جیوریڈکشنل کالج نے سیٹوں کی تقسیم میں بے ضابطگیاں اور 359 ووٹوں میں خرابیاں نوٹ کیں۔ ان 359 جعلی ووٹوں پر ایک ہی شخص (مبینہ طور پر سابق مئیر) کے دستخط تھے جو ایک ہی دن جاری کیے گئے تھے۔ اس کے علاوہ ان ووٹوں کی گنتی کے وقت پولنگ ایجنٹ کے دستخط کی کمی اور قومی رجسٹر کے ڈیٹا کی عدم موجودگی بھی شامل تھی۔ تحقیقات کے وقت مئیر نے ان ووٹوں پر ثبت دستخط کو اپنا ماننے سے انکار کردیا۔ جس کے بعد برسلز حکومت نے انتخابات کو کالعدم قرار دیتے ہوئے نئے انتخابات کے لیے 9 فروری کا دن مقرر کیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی حکام نے تمام قانونی اور انتظامی تقاضے پورے کرنے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ان انتخابات کے شفاف اور قانونی ہونے کو یقینی بنایا جائے گا۔