• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیمپئنز ٹرافی ’’فیوژن‘‘ فارمولا، غیر یقینی آج ختم ہونے کا امکان، پاکستان کی شرائط مان لی گئیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں شیڈول آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق بھارتی ہٹ دھرمی بدستور برقرار ہے، تاہم امکان ہے کہ ہفتے کو غیر یقینی صورت حال کا آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں خاتمہ اور اہم فیصلہ ہوجائے گا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اپنی شرائط پر بھارت کے میچز ہائبرڈ ماڈل کے تحت دبئی میں کرانے پر راضی ہوگیا ہے ، معاملے کو حل کرنے میں بعض دوسرے بورڈ حکام نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ یہ بھی اطلاعات ہیں کہ حکومت پاکستان نے فیوژن فارمولا پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ اس بات کا اظہار کرتا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ معاملات کو یکساں اور برابری کی بنیاد پر دیکھا ہے۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے معاملے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان طے معاملات کو تحریری طور پر ہوسٹ ایگریمینٹ میں درج کرنےکا مطالبہ کیا ہے، آئی سی سی کے ایونٹس کے معاملات میں پاکستان اور بھارت کے معاملات اسی فورم پر طے ہوں، ان معاملات کی پابندی ممبر بورڈز پر لازمی ہوگی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 2027 تک بھارت میں ہونے والے آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کوئی بھی میچ بھارت میں نہیں کھیلے گا، چیمپئنز ٹرافی میں بھارت اور 2026 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر کھیلےگا۔ نئی صورت حال پر صرف بھارتی میڈیا دعوے کررہا ہے، تاہم پاکستان، بھارت اور عالمی تنظیم کی جانب سے کوئی وضاحت نہیں دی گئی ہے۔ دوسری جانب ٹرافی کی میزبانی کیلئے اس غیر یقینی صورتحال کے دوران براڈکاسٹر کا چند ماہ قبل آئی سی سی کو لکھا گیا ایک خط سامنے آیا ہے جس میں بھارتی ٹیم کو ٹورنامنٹ سے باہر کرنے سے ہونے والے مالی نقصان پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ براڈ کاسٹرز کے خط میں واضح کیا گیا ہے کہ’ ٹیم انڈیا آئی سی سی ٹورنامنٹ کا لازمی حصہ ہے، اگر آئی سی سی کو بی سی سی آئی اور پی سی بی میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا پڑے تو آئی سی سی کا انتخاب بی سی سی آئی ہوگا۔

اسپورٹس سے مزید