ملتان (سٹاف رپورٹر)فاطمہ فرٹیلائزر کے ڈویلپمنٹ منیجر سنٹر زون عمران حمید نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات پاکستانی زراعت کو بری طرح متاثر کر رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے زرعی پیداوار میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ ایک وقت میں ضلع وہاڑی صوبہ سندھ کے برابر کپاس پیدا کرتا تھا مگر اب وہ صورتحال نہیں رہی اب ہمیں اپنے کاشتکاری امور موسمیاتی تبدیلیوں کے مدنظر رکھتے ہوئے نمٹانے ہوں گے ان کا خیالات کا اظہار انہوں نے فاطمہ فرٹیلائزر کے زیر اہتمام وہاڑی میں منعقدہ سرسبز گندم کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم 12 سے 15 من فی ایکڑ پیداوار میں آسانی سے اضافہ کر سکتے ہیں صرف جڑی بوٹیاں تلف نہ کرنے کی وجہ سے ہم 14 سے 40 فیصد پیداوار کا نقصان کر دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کاشتکار گندم کا سٹہ نکلنے تک تمام کھادوں کا استعمال کر لے تو وہ بھرپور پیداوار حاصل کر سکتا ہے۔ ہمارا مقصد صرف پیداوار میں اضافہ کرنا ہے اور وہ اس وقت ممکن ہے جب ہم کھادوں کا متناسب اور بروقت استعمال کریں۔ اس حوالے سے سرسبز نائٹرو فاس اور سرسبز کیلشیم امونیم نائٹریٹ اگر ہم استعمال کریں تو 10 فیصد اضافی پیداوار حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع رانا عارف نے کہا کہ زراعت صرف زرعی پیداوار میں اضافے سے ہی منافع بخش بنائی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں کھادوں کا متناسب استعمال ناگزیر ہے۔