گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹ لینڈ کی پولیس نے اپنے اس منصوبے کو ختم کر دیا ہے جس کے تحت فرنٹ لائن پر کام کرنے والے بہت سے آفیسرز کو اپنی داڑھیاں منڈوانا پڑتی تھیں تاکہ وہ اپنے چہروں پر FFD3حفاظتی ماسک پہن سکیں۔ کلین شیو پالیسی کو گزشتہ سال مئی میں متعارف کروایا جانا تھا، لیکن اس پر بہت زیادہ اعتراضات کے بعد نفاذ کے پروگرام کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ گزشتہ روز پولیس حکام نے بتایا کہ اب اس پروگرام کو متعارف کرانے یا نفاذ کا کوئی منصوبہ نہیں ہے اور ایسے چار آفیسرز جنہوں نے شیو کرائے جانے کے مطالبے پرقانونی کاروائی شروع کر دی تھی۔ پولیس اسکاٹ لینڈ نے ان کو ہرجانے کے طور پر 60 ہزار پونڈ کی رقم ادا کی ہے۔ رینک اینڈ نائل آفیسرز کی نمائندگی کرنے والی تنظیم اسکاٹش پولیس فیڈریشن کا کہنا ہے کہ مجوزہ پالیسی میں کوئی معقول سوچ اور مساوات نہ تھی۔ پولیس اسکاٹ لینڈ کے ایک ترجمان نے کہا کہ ہم نے اپنے آفیسران کی بات سننے اور صحت و حفاظت کے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد اس پالیسی کے نفاذ کو ملتوی کر دیا ہے۔