واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان ویدانت پٹیل نے کہا کہ ایران خطے میں عدم استحکام پھیلانے کے لیے 1979سے مختلف ممالک میں دہشت گرد بھیجنے کا کام کر رہا ہے۔ ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ ایران کو شام اور سرحد پر عدم استحکام پھیلانے والی یہ منفی سرگرمیاں اب مکمل طور پر بند کردینی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار امریکی ترجمان نے شام کے شہر حما میں بشار الاسد حکومت کے باغیوں کے قبضے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں کیا۔ ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران ہونے والے واقعات یہ ظاہر کرتے ہیں کہ اس تنازع کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کا وقت آگیا اور اس کا واحد راستہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2254کے مطابق جامع سیاسی تصفیہ ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں امریکی ترجمان ویدانت پٹیل کا کہنا تھا کہ ایران میں نوبیل انعام یافتہ نرگس محمدی کی طبی بنیادوں پر 21دنوں کی لیے رہائی سے آگاہ ہیں۔ ویدانت پٹیل نے مزید کہا کہ امریکا ایران سے مطالبہ کرتا ہے کہ ایرانی خواتین کے حقوق کی کارکن نرگس محمدی کو غیرمشروط طور پر رہا کیا جائے۔ یاد رہے کہ ایران میں 52 سالہ نرگس محمدی کو 2021 میں حجاب پابندی اور سزائے موت کے خلاف آواز اٹھانے پر گرفتار کیا گیا تھا۔