کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پريس کلب ميں گزشتہ روز شاہ لطيف کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےاياز لطيف پليجو نے کہا کہ سندھ ميں وسطی ايشيا اور منگولوں کی شدت پسندی کی مزاحمت کريں گے، سندھ کو شاہ لطيف نے امن اور بھائی چارے کا پيغام ديا، ا س پر قائم ہيں، ماورائے عدالت تشدد اور قتل سندھ کے امن کے ليے خطرہ ہیں، سندھ کے پانی، زمينوں، جزائر اور وسائل پر قبضہ برداشت نہيں کريں گے، دریائے سندھ پر نئے کینالوں کے منصوبے رد کرتے ہيں، سندھ کے فکری قائد اور امام شاہ لطیف نے محنت کش خواتین کی عظمت کو اجاگر کيا۔ شاہ لطیف کی شاعری انسان دوستی، محبت اور رواداری کا پيغام ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہ لطيف نے سوہنی کی ذريعے محبت، سسئی کے توسط سے جدوجہد کا درس دیا،ماروی کی ديس سے دوری کے کرب اور بےمثال وطن پرستی کو شاہ لطیف نے زبان دی، امن، محبت، انسانیت، اصلاح اور اخلاق ہی مشرقی شاعری کا محور ہے۔