کراچی( اسٹاف رپورٹر ) مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے نمائش چورنگی پر کرم ایجنسی پاراچنار ا سے اظہار یکجہتی کیلئے دیئے جانے والے دھرنے کے دوسرے روزمختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماون سمیت سماجی شخصیات نے شرکت کی اور خطاب کیا ، علامہ شہنشاہ حسین نقوی کا کہنا تھا کہ حکومت کرم ایجنسی میں امن کے قیام میں ناکام ہوگئی ہے،وفاقی و صوبائی حکومتیں اور سکیورٹی ادارے پاراچنار کے حالات معمول پر لانے کیلئے صرف دعوے کررہے ہیں ، ماضی میں ملک دشمن عناصر نے کہا تھا کہ ہم پاراچنار کو غزہ بنائیں گے آج وہ ثابت کر رہے ہیں ، ملک میں فلسطین غزہ کی منظر کشی ہورہی ہے،انہوں نے کہا کہ راستے کی بندش نے ضلع کے عوام کو شدید مشکلات میں ڈالا ہوا ہے جو اب بحران کی شکل اختیار کرتا جارہا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاراچنار میں فرقہ واریت نہیں اندرونی و بیرونی ملک دشمن عناصر کی سازشیں جاری ہیں، جب تک پاراچنار کے عوام کے مطالبات کو تسلیم نہیں کیا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا ۔