• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ، اسرائیلی فوج کے ہاتھوں 6 بچوں اور 5 خواتین سمیت 55 فلسطینی شہید، مقبوضہ مغربی کنارے میں 12 گرفتار

کراچی(نیوز ڈیسک)غزہ پر گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے حملوں میں6بچوں اور5کواتین سمیت 55 فلسطینی شہید ہوگئے،مقبوضہ مغربی کنارے میں12 کو حراست میں لے لیا گیا،کمال عدوان میں اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینیوں کا بطور انسانی ڈھال استعمال کیا،ایمبولینس کو نشانہ بنایا۔فلسطینی وفا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وسطی غزہ کے نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملوں میں چھ بچوں اور پانچ خواتین سمیت کم از کم 26 فلسطینی شہید ہو گئے ۔غزہ کے شہری دفاع نے کہا کہ شمالی غزہ کے بیت لاہیا میں انڈونیشیا کا سپتال اسرائیلی حملے کی زد میں آیا۔شہر کے دیگر مقامات میں کمال عدوان اسپتال پر اور اس کے قریب فضائی حملوں میں کم از کم 29 فلسطینی شہید ہوئے۔وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے اسپتال میں کم از کم ایک ایمبولینس کو نشانہ بنایا اور انسانی حقوق گروپ کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مریضوں اور طبی عملے کو نکالنے کی کوشش میں فلسطینیوں کو بطور انسانی ڈھال استعمال کیا۔یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے شمالی غزہ میں اسپتالوں کو خالی کرانے کی مسلسل کوششوں میں فلسطینیوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا ہے۔جنیوا میں قائم گروپ نے اپنی فیلڈ ٹیموں کے حوالے سے کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی نظربندوں کو اسپتال کے عملے کو متنبہ کرنے کے لیے مجبور کیا کہ تمام بے گھر افراد اور مریضوں کے ساتھی احاطے سے نکل جائیں اور اسرائیلی فورسز کے زیر کنٹرول علاقوں میں چلے جائیں۔مانیٹر کے مطابق، بہت سے لوگوں کو پہنچنے پر گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر کو سول انتظامیہ کے علاقے میں ایک چوکی اور پھر شمالی غزہ کی طرف بھاگنے پر مجبور کیا گیا۔غزہ پر اسرائیل کی جارحیت میں 7 اکتوبر 2023 سے اب تک کم از کم 44,664 فلسطینی شہید اور 105,976 زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب،اسرائیلی آباد کاروں کے ایک گروپ نے مقبوضہ مغربی کنارے میں الخلیل کے جنوب میں واقع یتہ کے مشرق میں فلسطینیوں اور ان کے سامان پر حملہ کیا۔وفا نیوز ایجنسی کے مطابق، آباد کاروں نے ایک فلسطینی خاندان پر حملہ کیا اور ان کے گھر کو توڑا پھوڑا، سولر سیل توڑ دیے، اور درجنوں بھیڑیں چرا لیں۔سوشل میڈیا پر فوٹیج میں دیگر اسرائیلی آباد کاروں کو دکھایا گیا، جنہیں اسرائیلی فوجیوں نے تحفظ فراہم کیا، وہ نابلس کے جنوب میں ایک گاؤں پر دھاوا بول رہے تھے، جہاں متعدد چھاپے مارے گئے ۔ کمیشن آف ڈیٹینیز اینڈ ایکس ڈیٹینیز افیئرز اور فلسطینی قیدیوں کی سوسائٹی کے ایک بیان کے مطابق،اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں 12 فلسطینیوں کو گرفتار کر لیا،حراست میں لیے گئے افراد میں سابق قیدی بھی شامل تھے۔

دنیا بھر سے سے مزید