راولپنڈی (نیوز ایجنسی) خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے 3 کارروائیاں کرتے ہوئے 22 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں 6جوان شہید ہوگئے، آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع ٹانک میں 9، شمالی وزیرستان میں 10، تھل ڈسٹرکٹ میں 3 خارجی دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کی عفریت کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے، پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے جاری بیان میں بتایا کہ 6 اور 7 دسمبر کی درمیانی شب خیبر پختونخوا میں 3 مختلف آپریشن کیے گئے، جن کے نتیجے میں 22 خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع ٹانک کے علاقے گل امام میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا، فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 9 خارجی دہشت گرد مارے گئے ،6 زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے ایک دوسری کارروائی میں 10 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔سیکیورٹی فورسز نے تیسرا آپریشن تھل ڈسٹرکٹ میں فورسز کی چوکی پر حملے کی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے تین خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق لیکن شدید فائرنگ کے تبادلے میں بہادری سے لڑتے ہوئے 6 جوان بھی شہید ہوئے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مزید کسی بھی خارجی دہشت گرد کو ختم کرنے کے لیے علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔