• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر بشار الاسد دمشق میں موجود، باغیوں کو پسپا کرینگے، شامی سفیر

اسلام آباد (صالح ظافر) پاکستان میں شام کے سفیر نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے صدر ڈاکٹر بشار الاسد دمشق میں موجود ہیں اور وہ ملک نہیں چھوڑیں گے بلکہ دہشت گرد باغیوں سے لڑیں گے اور انہیں پسپا کریں گے۔ ڈاکٹر رمیز الراعی نے ہفتہ کی شام دی نیوز/جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل، امریکہ اور ترکی دہشت گرد باغیوں کی حمایت کر رہے ہیں جنہوں نے ملک کے تین چھوٹے شہروں پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن شامی فوج بہت جلد اس علاقے کو آزاد کرا لے گی۔ انہوں نے اپنے صدر کے دارالحکومت یا ملک چھوڑنے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اسے میڈیا کی شرارت قرار دیا جسے شام کے دشمنوں کی سرپرستی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر کے پاس شام چھوڑنے کے لیے کوئی طیارہ نہیں ہے کیونکہ ان کی ملک سے روانگی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ سفیر ڈاکٹر رمیز نے کہا کہ دشمن میڈیا شامی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے میں کرنے کی بے بنیاد خبریں پھیلا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں شامی مشن دمشق کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے جہاں کے لوگ پرامن ہیں اور اپنی فوج اور ڈاکٹر بشار الاسد کی قیادت پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ سفیر نے کہا کہ باغیوں نے ان لوگوں اور علاقوں کو تباہ کر دیا ہے جن پر ان کا قبضہ ہے۔ زیر قبضہ علاقوں کے لوگ بے چینی سے اپنی فوج کی آمد کا انتظار کر رہے ہیں جو انہیں جلد آزاد کر دے گی۔
اہم خبریں سے مزید