اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے ناظمین نے مدارس بل کے حوالے سے موجودہ صورت حال کو افسوس ناک قرار دیا ہے اور کہا کہ مدارس بل کے حوالے سے تاخیری حربے ملک و ملت کے لیے نیک شگون نہیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے مابین اتفاق رائے کے باوجود مدارس کے معاملات کو پیچیدہ بنانے سے مزید بگاڑ پیدا ہوگا۔مدارس بل کے حوالے سے تاخیری حربے ملک و ملت کے لیے نیک شگون نہیں۔مدارس کے لاکھوں طلبہ و طالبات کو بنیادی انسانی حقوق اور بہتر مستقبل کے امکانات سے محروم رکھنا سراسر زیادتی ہے۔مولانا فضل الرحمٰن کی مدارس کے حوالے سے کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے چاروں صوبوں کے ناظمین مولانا امداد اللہ ناظم وفاق صوبہ سندھ،مولانا صلاح الدین ناظم وفاق صوبہ بلوچستان،مولانا حسین احمد ناظم وفاق المدارس صوبہ خیبر پختونخوا،مولانا زبیر احمد صدیقی ناظم جنوبی پنجاب،مولاناقاضی نثار گلگت بلتستان اور سید عدنان شاہ آزاد کشمیر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں موجودہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اورمولانا فضل الرحمٰن کے مدارس بارے کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے-وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظمین نے وزارت تعلیم کے ڈائریکٹوریٹ کو مدرسہ بورڈ کی جدید شکل قراردیا۔انہوں نے کہا کہ بیرونی ایجنڈے پر مدارس کی آزادی و خود مختاری کو سلب کرنے کے لیے جو مختلف حربے اختیار کیے جا رہے ہیں وہ کسی صورت قابل قبول نہیں-