• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز میتلو ہائیکورٹ بار کے صدر منتخب، وزیر اعظم کی مبارکباد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات برائے 2025 کے لئے وکلا نے حسیب جمالی کے مقابلے میں بیرسٹر سرفراز علی میتلو اپنا صدر منتخب کر لیا ، سیکریٹری کے عہدے پر 6 امیدواروں کو شکست دے کرمرزا سرفراز احمد کامیاب قرار پائے ، محمد راہب لاکھو نائب صدر منتخب ہوگئے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے بیرسٹر سرفراز میتلو کو سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔وزیرِ اعظم نے انڈیپنڈنٹ وکلا گروپ (عاصمہ جہانگیر گروپ) کے سربراہ احسن بھون کو بھی اس فتح پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میںوزیر اعظم نے کہا کہ پر امید ہوں کہ نو منتخب صدر و انڈیپینڈنٹ وکلاء گروپ، وکلاء کی فلاح و بہبود کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، بائیومیٹرک ویری فکیشن ووٹنگ سسٹم کا سرور ڈاؤن ہونے سے پولنگ کا عمل ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوا ۔ پولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہونے پر ووٹنگ کا دورانیہ مزید ایک گھنٹہ بڑھا دیا گیا۔ پولنگ کے دوران وکلا کی گہماگہمی ، اپنے پسندیدہ امیدوار کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے ۔ رجسٹرڈ 8105 ووٹرز میں سے 5255 وکلا نے حق رائے دہی استعمال کیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات کا انعقاد سندھ ہائی کورٹ میں ہوا ۔ اس سلسلے میں وکلا کی سہولت کے لئے دو پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے جو کہ سندھ ہائی کورٹ بار روم اور اولڈ انیکسی بلڈنگ میں بنائے گئے ۔انتخابات سے قبل تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی تھیں ۔ پولنگ کے لئے مختلف بوتھ بنائے گئے تھے جبکہ پولنگ کے لئے بائیومیٹرک ویری فکیشن ووٹنگ سسٹم کا انتظام کیا گیا تھا جبکہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8105 تھی ۔ انتخابات میں صدر کے عہدے کے لئے تین امیدوار سرفراز علی میتلو، عرفان حسن اور حسیب جمالی آمنے سامنے ہوئے جبکہ نائب صدر کے لیے خاتون سمیت 6 امیدوار احتشام اللہ خان، ایاز الدین قریشی، عمران شمسی ، راحب لاکھو، نیاز محمد اور رخشندہ وحید مد مقابل ہوئے ۔ اعزازی سیکرٹری کی نشست کے لئے خاتون سمیت 7 امیدوار علی اصغر ، حاکم علی شر، خلیل احمد مسعودہ سراج ،مرزا سرفراز احمد ، رحمان ڈنو اور رضیہ دانش آمنے سامنے ہوئے ۔ خازن کی نشست کے لئے 3 امیدوار اطہر علی میمن، یاسین شاہد بھٹی اور تیمور علی مرزا مدمقابل ہوئے ۔ جوائنٹ سیکرٹری کے عہدے کے لیے 5 امیدوار ایاز علی چانڈیو، فیصل میمن، رحمان غنی، وسیم سیف اور ظفر حسین آمنے سامنے ہوئے ۔
اہم خبریں سے مزید