کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز بس سروس کے 40اسٹاپس 2 ماہ میں تعمیر کردیے جائیں گے۔ سندھ بھر میں گاڑیوں کی جدید سائنسی خطوط پر فٹنس و چیکنگ لازمی قرار دے دی گئی اور فٹنس قوانین پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔ یہ فیصلے سندھ کے سینئر وزیر و صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کئے گئے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، پیپلز بس سروس کے پراجیکٹ ڈائریکٹر صہیب شفیق اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پیپلز بس سروس کے 100 اسٹاپس تعمیر ہو چکے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ہدایت کی کہ باقی 40 اسٹاپس کا کام بھی 2ماہ کے اندر جنوری 2025 ءتک مکمل کرلیا جائے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ نظام دنیا سے ہم آہنگ اور جدید بنانے کی خواہاں ہے، پیپلز بس سروس کے جدید ترین بس اسٹاپ موثر اور پائیدار نقل و حرکت کے لئے بہت اہمیت کے حامل ہیں، جہاں مسافروں کے لئے بیٹھنے کی بہترین جگہ اور موسم سے تحفظ فراہم کریں گے، باقی رہ گئے اسٹاپس میں سے 2پر کام مکمل ہو چکا ہے اور دیگر پر بھی جلد از جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔