• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر آزاد کشمیر کی حکومت کو آرڈیننس فوری واپس لینے اور گرفتار افراد کی رہائی کی ہدایت

کراچی، مظفر آباد(نیوز ڈیسک، نمائندہ جنگ) آزاد کشمیر کے صدر سلطان محمود چوہدری نے حکومت آزادکشمیر کو پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس فوری واپس لینے کی ہدایت کردی، صدارتی آرڈیننس کی منسوخی کیلئےآزاد کشمیر میں تیسرے روز بھی ہڑتال کی گئی، عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ برار کوٹ پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کیخلاف عوامی ایکشن کمیٹی اور وزرا کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی نے لانگ مارچ شروع کردیا۔ عوامی ایکشن کمیٹی اور وزرا کی مذاکراتی کمیٹی کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مظفر آباد میں مظاہرین انٹری پوائنٹ برارکوٹ کی جانب روانہ ہوئے اور لانگ مارچ برارکوٹ کے مقام پر پہنچ گیا۔ پونچھ ڈویژن میں میں مظاہرین نے کوہالہ انٹری پوائنٹ اور پلندری میں ڈھلکوٹ کے انٹری پوائنٹ کو بند کردیا۔ تاہم اب صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے حکومت آزادکشمیر کو پیس فل اسمبلی اینڈ پبلک آرڈر آرڈیننس فوری واپس لینے کی ہدایت کردی۔ صدر آزاد کشمیر نے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کو خط لکھ کر ہدایت کی۔ صدر آزاد کشمیر نے حکومت کو آرڈیننس کے تحت گرفتار افراد کی فوری رہائی کا بھی حکم دیا۔ حکومت آزاد کشمیر نے فوری طور پر صدر آزاد کشمیر کی ہدایت پر کارروائی کا آغاز کر دیا۔ ہفتے کو آزاد کشمیر میں صدارتی آرڈیننس کی منسوخی کیخلاف جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر تیسرے روز بھی احتجاج جاری رہا، عوامی ایکشن کمیٹی کا لانگ مارچ، احتجاجی رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فری لوڈ شیڈنگ زون قرار دیکر نیشنل گرڈ قائم کیا جائے، گرفتار افراد کو رہا کیا جائے، شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام کے علاوہ مظاہرین دیگر اضلاع سے ریلیوں کی صورت میں مظفر آباد پہنچے۔ مظفر آباد اپر اڈا لال چوک میں مظاہرین اور حکومتی نمائندگان کے درمیان مذاکرات ناکام ہونے کے بعد مظاہرین کا انٹری پوائنٹ برارکوٹ کی جانب لانگ مارچ شروع کر دیا گیا۔ اپراڈہ سے مظاہرین کی تعداد میں کافی اضافے کے بعد جب قافلہ شام گے برارکوٹ کی جانب روانہ ہوا مظفرآباد میں لوگوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل کر لانگ مارچ میں شامل ہوگئی۔ حکومتی ترجمان کے مطابق حکومت اسیران کی رہائی کیلئے اقدامات کررہی ہے لیکن عوامی ایکشن کمیٹی نے اسیران کو رہا کرنے تک کوئی بات ماننے سے انکار کردیا۔
اہم خبریں سے مزید