پیرس (رضا چوہدری ) اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے 10دسمبر کو عالمی دن کے موقع پرکشمیر انٹرنیشنل پیس فورم یورپ کے چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی کی سربراہی میں کشمیری کمیونٹی اور سکھ کمیونٹی کے زیر اہتمام احتجاجی جنیوا مظاہرہ ہوگا جس میں یورپ سمیت دنیا بھر سے وفود شرکت کریں گے۔ اس سلسلہ چیئرمین زاہد اقبال ہاشمی نے کشمیر انٹرنیشنل پیس فورم سویڈن کے صدر ملک خوشحال خان ، کشمیری رہنما شیخ کلیم ، ملک لیاقت اعوان، پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق سینئر نائب صدر میر پور آزاد کشمیر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم 10 دسمبر کو جنیوا میں انسانی حقوق کے تحفظ کے سالانہ اجلاس میں شامل مندوبین کو بتائیں گے کہ دنیا کی بڑی جمہوریت کے دعوے دار بھارت کی جمہوریت ایک ڈھونگ اور دکھاوا ہے، بھارت میں اقلیتوں کو ظلم اور ڈنڈے کے زور پر یرغمال بنایا ہوا ہے۔ اقوام متحدہ اور اس کے اداروں کو اپنی قراردادوں اور فیصلوں پر عمل درآمد کرانا ہوگا۔