• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گاڑی میں آگ لگنے سے 4000 پاؤنڈز کے بچوں کے کھلونے اور تحائف تباہ

لندن (پی اے) آگ لگنے کے بعد بچوں کے کرسمس کے تحائف کی اپیل کی گئی ہے۔ ایک گاڑی میں آگ لگنے سے 4000پاؤنڈزمالیت کے بچوں کے کھلونے اور تحائف تباہ ہو گئے۔ والسال کونسل نے کہا کہ تحائف لے جانے والی ایک وین میں اس ہفتے کے شروع میں والسال میں آگ لگ گئی تھی، جس سے وہ ناقابل مرمت ہو گئے تھے۔ مقامی اتھارٹی مقامی کاروباری اداروں سے نئے کھلونے، بورڈ گیمز، دستکاری کے سیٹس اور بیت الخلاء کیلئے اشیاء کے عطیات کی اپیل کر رہی ہے، جو پانچ سے 16 سال کی عمر کے بچوں کے لئے موزوں ہوں۔ والسال کونسلر سٹیسی ایلسن نے کہا کہ ہر بچہ اس کرسمس کے تحفے کا مستحق ہے اور ہم نہیں چاہتے کہ اس واقعے کی وجہ سے وہ تحفے سے محروم رہے۔ کونسل نے تصدیق کی کہ آگ سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، جس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہ بجلی کی خرابی کی وجہ سے لگی ہے۔ یہ تحائف کیش 4 کڈز مشن کرسمس مہم کے ایک حصے کے طور پر منتقل کئے گئے تھے، جسے والسال کونسل ہر سال وصول کرتی ہے۔ ایلسن نے مزید کہا کہ ہم مقامی کاروباری اداروں سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ دیکھیں کہ کیا وہ ان کھلونوں کو تبدیل کرنے میں ہماری مدد کر سکتے ہیں، جنہیں نقصان پہنچا ہے۔کرسمس معجزات کا وقت ہے اور ہم امید کر رہے ہیں کہ ہماری کاروباری برادری اس بات کو یقینی بنانے کے لئے اکٹھے ہو سکتی ہے کہ کوئی بچہ محروم نہ ہو۔ کونسل کے ترجمان نے مزید کہا کہ بغیر لپیٹے ہوئے تحائف رشل میں منور فارم کمیونٹی ایسوسی ایشن میں ہفتہ کے دنوں میں 13 دسمبر تک دیئےجا سکتے ہیں۔
یورپ سے سے مزید