راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) زمین پر لگی گندم کی فصل اکھاڑنے اور روکنے پر خاتون پر ٹریکٹر چڑھانے اور تشدد کرنے والے ملزموں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تھانہ دھمیال کو غلام مرتضیٰ نے بتایا کہ کسی کام کے سلسلہ میں اراضی سنٹر گیا ہوا تھا کہ میری زمین جس میں گندم کاشت تھی رفاقت محمود مسلح 30بور پسٹل امجد مسلح 30بور شفقت مسلح پسٹل بابر مسلح رپیٹر مزرا بیگ مسلح30 بور قمر مسلح 30بور ہمراہ 14،15 نامعلوم ملزمان جو کہ ایک سرکاری پک اپ میں آئے اور ساتھ ایک ٹریکٹر جس کو عثمان عرف ببلو چلا رہا تھا لائے۔ انہوں نے آتے ہی ہماری گندم کو اُکھاڑنا شروع کر دیا۔ میری بیوی نے کہا ہماری فصل کو تباہ نہ کرو جس پر انہوں نے میری بیوی کے اوپر ٹریکٹر چڑھا دیا جو اسکے پاؤں کے اوپر سے گزر گیا۔ اسی اثناء میں دیگر مسلح اشخاص نے میر ی بیوی‘ بہو اور بیٹی کو زدوکوب کرنا شروع کردیا۔