• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PSL اور IPL میں ٹکراؤ‘ بڑے کھلاڑی انڈیا میں کھیلیں گے

کراچی (عبدالماجدبھٹی) بھارت نے 2007 سے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ کرکٹ میچ نہیں کھیلے اس سیاسی فیصلے کا مقصد بظاہر پاکستان کرکٹ کو مالی نقصان پہنچانا تھا لیکن 2016میں پاکستان نے سپر لیگ لیگ شروع کرکے نہ صرف مالی بوجھ کو کم کیا بلکہ دنیا بھر کے اسٹارز بھی پی ایس ایل میں کھیلتے نظر آئے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامی صلاحیتوں کی دنیا بھر نے تعریف کی۔ 

بنگلہ دیش اور سری لنکا کی انٹرنیشنل لیگز میں غیر ملکی کھلاڑیوں نے معاوضوں کی ادائیگی تاخیر سے کرنے کی شکایت کی لیکن پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی 9سالوں میں ایسی ایک بھی شکایت سامنے نہ آسکی۔

 اس سال پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی وجہ سے پی ایس ایل اپریل میں ایسے و قت میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب مالی اعتبار سے دنیا کی پرکشش انڈین پر یمیئر لیگ بھی شروع ہوچکی ہوگی۔ 

بھارت میں پیسے کی کشش کی وجہ سے دنیا کے لاتعداد عالمی شہرت یافتہ کھلاڑیوں نے معاہدے کر لئے ہیں اور چند بڑے ناموں کے علاوہ اکثر کھلاڑی اگلے سال 7اپریل سے شروع ہونے والی پی ایس ایل میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیں گے یہاں تک کہ افغانستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے بڑے کھلاڑی بھی پیسے کی چکا چوند کے سبب بھار ت کے ٹورنامنٹ میں شریک ہونگے۔ 

پاکستان اور بھارت کی لیگز میں سب نمایاں فرق میڈیا رائٹس کی وجہ سے دکھائی دیتا ہے۔

آئی پی ایل کے 2022ء سے 2027ءتک کے نشریاتی حقوق 6.2ارب ڈالر ( 17کھرب 24ارب روپے) میں فروخت ہوئے ہیں تاہم ارب پتی بھارتی تاجر ‘ بڑے بزنس ہاؤسز اور بالی ووڈ اسٹارز کی شراکت کی وجہ سےآئی پی ایل کی برانڈویلیو 10 اعشاریہ 7ارب ڈالر (29کھرب 75ارب روپے)تک پہنچ گئی ہے ۔

اس کے مقابلے میں پی ایس ایل کے میڈیا رائٹس بھی بلندیوں کی جانب گئے۔ پی ایس ایل نے 2024 اور 2025 کے لیے6.3 ارب ڈالر (17 کھرب 52ارب روپے) کے اپنے میڈیا رائٹس ڈیل کو فروخت کیاتاہم میڈیا رائٹس میں پیشرفت کے باوجود پی ایس ایل کی برانڈ ویلیوکا تخمینہ 33کروڑ ڈالر (91ارب 77کروڑ روپے )کے لگ بھگ ہے ۔

 انڈین پریمیئر لیگ کا آغاز2008 میں ہوا تھا۔ دس سال بعد فرنچائز کو مالکان حقوق دے دیئے گئے جبکہ پی ایس ایل کی چھ ٹیموں کی کسٹوڈین پی سی بی ہے اور ریونیو شیئرنگ ماڈل میں اگلے سال دس سال مکمل ہونے کے اگر کوئی فرنچائز معاہدے کو جاری رکھنے سے انکار کرتی ہے تو پی سی بی کسی اور کو فرنچائز فروخت کرنے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔ 

فرنچائز مالکان کا دعوی ہے کہ نو سال بعد اب بھی انہیں لیگ سے زیادہ منافع نہیں ملتا ہے اس کی وجہ یہ ہے کہ کھلاڑیوں کو ادائیگی ڈالرز میںکی جاتی ہے جب لیگ شروع ہوئی تھی اس وقت ایک ڈالر 106 روپے کا تھا آج ایک ڈالر275سے زائد میں فروخت ہورہا ہے۔ 

پی ایس ایل کی ایک فرنچائز سالانہ تقریباً پونے 9 کروڑپاکستانی روپے پی سی بی کو دیتی ہیں جبکہ پی ایس ایل کا سب سے مہنگا کھلاڑی پلاٹینیم کیٹیگری کا ہے جسے تقریباً سات ارب روپے ادائیگی کی جاتی ہے۔

اہم خبریں سے مزید