راولپنڈی(اپنے رپورٹرسے) صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں انسانی حقوق کے تحفظ کا ایک باقاعدہ روڈ میپ وضع کیا گیا ہے ۔صوبائی حکومت اس پرعملدرآمد کرکے انسانی حقوق کے تحفظ میں درپیش تمام چیلنجز کو حل کرے گی اور اس مقصد کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کا تعاون ناگزیر ہے۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے حقُوق پاکستان ٹو منصوبے کی لانچنگ تقریب کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے واضح طور پر کہا ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ انکی حکومت کی ترجیح ہے اور اس کے ساتھ ساتھ مذہبی سیاحت پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کے اقدامات کے مؤثر نفاذ کے لئے حکومت کی تمام سطحوں پر تعاون ، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ اشتراک ضروری ہے۔