شام میں صدر بشار الاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد صورتِ حال معمول کی جانب گامزن ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شامی حکومت نے آج سے سرکاری دفاتر اور بینک کھولنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔
شامی وزارتِ تیل نے بھی تمام ملازمین کو آج سے ملازمتوں پر آنے کا حکم دیا ہے۔
طویل عرصے سے جاری خانہ جنگی سے دربدر ہزاروں شامیوں کی واپسی سے دمشق کی جانب آنے والی سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔
دریں اثناء شام کے دارالحکومت دمشق میں آج صبح زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق اسرائیلی فوج نے شام میں 250 سے زائد اہداف پر فضائی حملے کیے ہیں۔
برطانیہ میں قائم جنگی مانیٹر کے مطابق اسرائیل اتوار سے شامی کی اہم ترین فوجی تنصیبات کو نشانہ بنا کر تباہ کر رہا ہے۔
ادھر اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی شام میں پیش قدمی جاری ہے، اسرائیلی فوج نے شام کے 20 اہم علاقوں پر چوکیاں بنا لیں، اسرائیلی فوج دمشق سے صرف 20 کلو میٹر کی دوری پر ہے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ فی الحال ہمارا مقصد شامی فوج کے اسلحے کے ذخائر کو تباہ کرنا ہے۔