کوئٹہ(پ ر) پاکستان تحریک انصاف لائرز فورم بلوچستان کے صدر سید اقبال شاہ نے کہا ہے کہ 26 نومبر کے شہدا کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، پرامن احتجاج ہر شہری کا آئینی و بنیادی حق ہے ، پاکستان تحریک انصاف ایک پرامن سیاسی و جمہوری اور پاکستان کی سب سے بڑی عوامی جماعت ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف کی جدوجہد و سیاسی مبارزے کی منزل پاکستان کی ترقی و کامرانی ہے جس پر 8 فروری اور 26 نومبر کو قوم نے لبیک کہہ کر ثابت کردیا ہے ۔ یہ بات انہوں نے انصاف لائرز فورم بلوچستان کی جانب سے 26 نومبر کے شہداء کے لیے بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے آفس میں فاتحہ خوانی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا کے موقع پر کہی۔ اس موقع پر صوبائی سینئر نائب صدر ایڈووکیٹ خورشید احمد کاکڑ، مرکزی سینئر نائب و بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر جمیل بوستان، ایڈوکیٹ سپریم کورٹ سید اقبال شاہ، صوبائی جوائنٹ سیکرٹری انجینئر عرفان کاکڑ، بلوچستان ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے سابق صدر ایڈووکیٹ مجید کاکڑ، جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ شمس رند، صوبائی رہنماء ایڈووکیٹ عبدالحکیم زرین، ایڈووکیٹ سلام آغا و دیگر موجود تھے۔