کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے کیخلاف درخواستوں پر ڈائریکٹر ایف آئی اے کو انکوائری رپورٹ پر فیصلہ کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ ان کیخلاف غیر قانونی انکوائری شروع کی گئی ہے، ایف آئی اے کال اپ نوٹس کالعدم قرار دیا جائے۔ ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈنگ کیس سے متعلق ایف آئی اے انکوائری کیخلاف سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، نجیب ہارون اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت ہوئی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ایف آئی اے ڈائریکٹر اور متعلقہ افسر کی طبیعت ناساز ہے اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ انکوائری کا کیا بنا کہاں تک پہنچی؟ سرکاری وکیل نے کہا کہ انکوائری پر حتمی فیصلہ نہیں ہوسکا ہے۔ رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ عدالت نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کو انکوائری رپورٹ پر فیصلہ کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ ایف آئی اے نوٹس کے خلاف عمران اسماعیل، نجیب ہارون، سیما ضیاء، ثمر علی خان اور جاوید عمر نے عدالت سے رجوع کر رکھا ہے۔