• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PTI نے کسی ہلاک کارکن کی شناخت نہیں دی، خواجہ آصف، گولی شہباز کے حکم پر چلی، عمر ایوب

اسلام آباد( نمائندہ جنگ )تحریک انصاف کے رہنما ءاور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کا کہنا ہے کہ نہتے کارکنوں پر گولی کا حکم شہباز شریف نے دیا‘ماڈل ٹاؤن اور 26نومبر کا خون شہباز شریف کے ہاتھوں پر ہےجبکہ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے12ہلاک کارکنوں میں سے کسی ایک کا شناختی کارڈ نہیں دیا‘ وفاق پر تین مرتبہ چڑھائی کی طرح پی ٹی آئی کا صوبائیت کارڈ اور سول نافرمانی کی تحریک بھی ناکام ہوگی‘26نومبرکو پی ٹی آئی کے اہم لوگوں کا جن جن باتوں پر ان کا اتفاق ہو گیا تھا اگر ان کے ورکرزکو پتہ لگ گیا تو انہیں جوتے پڑ یں گے۔کچھ باتیں ہمارے پاس امانت ہیں‘ بانی پی ٹی آئی کے پیغامات بھی ہمارے پاس محفوظ ہیں ۔ منگل کو قومی اسمبلی اجلاس کے دوران اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے نکتہ اعتراض کے جواب میں اظہار خیال کرتے ہوئےخواجہ آصف نے کہا کہ 26 نومبر کو 14 دن بیت گئے ،انہیں ابھی تک پتہ ہی نہیں لگ سکا کہ 12 افراد ، 278 افراد یا کتنے افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ ابھی تک یہ لوگ نمبر نہ ہمیں بتاسکے نہ عوام کو۔ابھی تک پی ٹی آئی 12 افرادکے شناختی کارڈ نمبر ، ورثاء یا قبریں سامنے نہیں لاسکی۔ اس قسم کی ہوائی باتیں عوام کے اجتماعی شعورکی توہین ہے ۔ پی ٹی آئی کے اندر اتنے اختلافات ہیں‘پی ٹی آئی کے جتنے لیڈر ہیں ان کے اتنے بیانات ہیں ۔خواجہ آصف نے اپوزیشن لیڈر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ان کی تقریر کا مطلب اخذ کیا ہے کہ یہ براستہ مونال بھاگے تو بشریٰ بی بی ان کے ساتھ تھیں۔ بشریٰ بی بی کی بات بھی ریکارڈ پر ہے کہ مجے اکیلا چھوڑ کر سب بھاگ گئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی کے کی گاڑی پر اپنے ورکرز نےپتھراؤں کیا جس پر وزیراعلیٰ کی سیکورٹی نے ان ورکرز پر فائرنگ کی‘ایوب خان بنگلہ دیش بنا نے کے ذمہ دار ہیں‘آج ان کے رشتہ دار بھی اسی طرح کا کارڈ کھیل رہے ہیں ‘پی ٹی آئی کی جانب سے چڑھائی کی تیسری کوشش ناکام ہورہی ہے ‘ویڈیوز موجود ہیں کہ کون کس وقت بھاگا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید