کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شہر میں ڈمپر اور ٹینکرز کی ٹکر سے شہریوں کی اموات میں بڑھتے ہوئے اضافے، ٹریفک حادثات میں 2 دن کے دوران 10اور رواں برس 700سے زائد اموات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے سندھ حکومت، آئی جی و ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جی ٹریفک کی نا اہلی و ناکامی قرار دیا اور کہا ہے کہ کراچی ملک کا واحد شہر ہے جہاں عوام ایک طرف مسلح ڈاکوؤں، چوروں اور ڈکیتوں کی گولیوں کا نشانہ بن رہے ہیں اور ڈمپر و ٹینکرز کی ٹکر سمیت ٹریفک حادثات کا بھی شکار ہو رہے ہیں جبکہ حکومت کسی بھی طرح سے عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ثابت ہو رہی ہے،انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس شہر میں ہیوی ٹریفک کی دن میں داخلے کی پابندی کرانے میں بھی مکمل طور پر ناکام ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ایڈیشنل آئی جی 24گھنٹوں میں ٹریفک حادثات میں 10اموات کو تو تسلیم کرنے پر تیار نہیں ہیں لیکن وہ ڈیڑھ2 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں اضافے کا اعتراف کر رہے ہیں، وہ عوام کو بتائیں کہ گزشہ ڈیڑھ ماہ میں انہوں نے شہر میں ٹریفک حادثات کی روک تھام اور ہیوی ٹریفک کے دن کے اوقات میں شہر میں داخلے کو روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے، صرف پریس کانفرنسیں کر کے اور جرمانوں و چالانوں کی رقوم بڑھانے کے اعلانات سے شہر میں ٹریفک حادثات کم نہیں ہو سکیں گے، پولیس اور ٹریفک پولیس کے پورے محکمے کو درست اور ان کی کارکردگی بہتر کرنی ہوگی، سندھ حکومت اور کے ایم سی کو بھی اپنی نا اہلی اور کرپشن ختم کرکے شہر کے انفرا اسٹرکچر کو مستقل بنیادوں پر ٹھیک کرنا ہوگا۔