• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیاقت کالج کے پوسٹ گریجویٹ ڈینٹل پروگرامز کو جامعہ کراچی کے تحت تسلیم کرنے کی سفارش

کراچی(سید محمد عسکری) پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری، کراچی کے متعدد پوسٹ گریجویٹ ڈینٹل پروگرامز کو جامعہ کراچی کے ذریعے تسلیم کرنے کی سفارش کر دی ہے۔ پی ایم ڈی سی کی جانب سے وزارتِ قومی صحت خدمات کو ارسال کیے گئے ایک خط میں بتایا گیا ہے کہ لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری نے پہلے سے تسلیم شدہ پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کی وابستگی ضیاالدین یونیورسٹی سے تبدیل کر کے یونیورسٹی آف کراچی کے ساتھ کرنے کی درخواست دی تھی۔یہ درخواست پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی کے 7 جنوری 2026 کو منعقدہ اجلاس میں زیر غور آئی، جس کے بعد 29 جنوری 2026 کو کونسل نے سرکولیشن کے ذریعے اس کی منظوری دے دی۔ پی ایم ڈی سی نے سفارش کی ہے کہ پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کی دفعہ 25 کے تحت لیاقت کالج آف میڈیسن اینڈ ڈینٹسٹری کے درج ذیل پوسٹ گریجویٹ ڈینٹل پروگرامز کو یونیورسٹی آف کراچی کے ذریعے تسلیم کرتے ہوئے انہیں ایکٹ کے سیکنڈ شیڈول میں شامل کیا جائے۔ تجویز کردہ پروگرامز میں ماسٹر آف ڈینٹل سرجری (ایم ڈی ایس) کی مختلف تخصصات شامل ہیں جن میں پروستھوڈانٹکس، آرتھوڈانٹکس، آپریٹو ڈینٹسٹری، اورل اینڈ میکزیلوفیشل سرجری، پیریوڈونٹولوجی، سائنسز آف ڈینٹل میٹریلز، اورل پیتھالوجی، کمیونٹی ڈینٹسٹری اور اورل بائیولوجی اینڈ ٹوتھ مورفولوجی شامل ہیں۔ اسی طرح کالج آف فیزشن اینڈ سرجن پاکستان کے تحت اورل اینڈ میکزیلوفیشل سرجری میں ایف سی پی ایس پروگرام کو بھی تسلیم شدہ اضافی ڈینٹل اہلیت کے طور پر شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پی ایم ڈی سی کے رجسٹرار کی جانب سے جاری کردہ خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ منظوری 22 نومبر 2014 یا اس کے بعد دی جانے والی اسناد پر لاگو ہوگی اور اس سلسلے میں مزید ضروری کارروائی کے لیے وزارت صحت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید