کراچی (نیوز ڈیسک) فوج میں AI کا بے لگام استعمال دنیا کیلئے ٹرمینیٹر جیسی تباہی، چین کا امریکا کو انتباہ، الگورتھمز کو زندگی موت کے فیصلے دینا خطرناک رجحان، بیجنگ کو امریکی فوج کے اے آئی بڑھتے استعمال پر شدید خدشات، امریکی محکمہ دفاع نے ایلون مسک کے تیار کردہ گروک نظام کو خفیہ ماحول میں استعمال کی اجازت دی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ فوجی مقاصد کے لیے مصنوعی ذہانت کا بے قابو استعمال دنیا کو فلم “ٹرمینیٹر” جیسی تباہ کن صورتِ حال کی طرف دھکیل سکتا ہے۔ چینی وزارتِ دفاع کے ترجمان جیانگ بن نے کہا کہ جنگی فیصلوں میں مصنوعی ذہانت کو حد سے زیادہ اختیار دینا، خودمختار ہتھیاروں کا استعمال اور دیگر ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی نہ صرف جنگی اخلاقیات کو کمزور کرتی ہے بلکہ ٹیکنالوجی کے بے قابو ہونے کا خطرہ بھی بڑھاتی ہے۔