پشاور (جنگ نیوز ) خیبرپختونخوا کی معروف سماجی شخصیت اور اتفاق کڈنی اینڈ جنرل ہسپتال کے چیئرمین عبد الحمید گورواڑہ نے صوبائی حکومت کے فلاحی کاموں خصوصا صحت کے شعبے میں اٹھائے اقدامات کو سراہا ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں گرلز میڈیکل کالج کے قیام کو وزیر اعلی سردار علی امین گنڈاپور کا انقلابی قدم قراردیا۔گرلز کالج کے قیام سے نہ صرف ڈیرہ اسماعیل خان بلکہ جنوبی اضلاع کی طالبات کو بڑی سہولت ہوگی۔ عبد الحمید گورواڑہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ اور سابقہ حکو متوں نے صوبے کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے دور رس فیصلے کئے جن میں صحت کارڈ کو ممتاز حیثیت حاصل ہے۔ سرکاری ہسپتالوں کے نظام میں بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات بھی قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی صوبے کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی کے خواہاں ہیں اور انہوں نے حکام کو پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی ہے۔