کیلیفورنیا کے جنگلات کی آگ برطانوی اداکارہ جین سیمور کے گھر تک پہنچ گئی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 73 سالہ اداکارہ نے آگ اور فائر فائٹرز کی آگ بجھانے کی کوششوں کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں۔
اداکارہ کو آگ کے باعث گھر سے منتقل ہونا پڑا تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ خیریت سے ہیں۔
انہوں نے ریسکیو اہلکاروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا ہے کہ یہ لوگ ہمارے گھروں اور لوگوں کو بچانے کی زبردست کوشش کر رہے ہیں۔
امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات خوفناک آگ کی لپیٹ میں ہیں، یہ آگ 4 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پھیل گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کیلیفورنیا کے علاقے ملیبو کے جنگلات میں 3 دن قبل آگ لگی تھی جس پر تاحال مکمل طور پر قابو نہیں پایا گیا ہے۔