مانچسٹر(ہارون مرزا) فلسطینی راچڈیل گروپ کے مقامی فلسطینی کارکن اکرام الترا کی جانب سے راچڈیل کونسل میں فسلطین کا پرچم بلند کرنے کی درخواست منظور ہونے پر ورکر پارٹی کے بانی وسینئر رہنما جارج گیلوے نےاپنی ٹیم کے ہمراہ راچڈیل ٹاؤن ہال کے باہر پرچم کشائی کی تقریب میں شرکت کی ۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے اکرام الترا کا کہنا تھا کہ ہم راچڈیل کونسل کے شکرگزار ہیں کہ ماضی میں مختلف کیمونٹیز کی پرچم کشائی کی گئی، ہم سمجھتے ہیں کہ فلسطین کا جھنڈا بلند کر کے ہم اتحاد کی ترغیب اور امن ، ہم آہنگی ، باہمی احترام کے مشترکہ عزم کو اجاگر کر سکتے ہیں، غزہ کے لوگوں کے مصائب پر غور کرنے کیلئے امید کامل بھی چاہتے ہیں۔ورکر پارٹی کے بانی و سینئر رہنما جارج گیلوے کا کہنا تھا کہ راچڈیل میں تاریخ لکھی گئی ہے ،فلسطین کا پرچم بلند کرنے کا مقصد یہ تھا کہ دنیا کو باور کرایا جائے کہ فلسطین میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو عالمی دنیا فی الفور بند کرائے، ہزاروں بے گناہ لوگوں کو شہید کیا جا چکا ہے ، اکتوبر 2023میں گریٹر مانچسٹر کمبائنڈ اتھارٹی راچڈیل سمیت 10گریٹر مانچسٹر کونسلرز نے جنگ بندی کیلئے بین الاقوامی کالز میں شرکت کی۔تقریب میں میئر آف راچڈیل شکیل احمد، قاری سہیل زید، امتیاز احمد، کونسلر صنم الٰہی سمیت مسلم کمیونٹی نے بھی شرکت کی ۔ اس موقع پر مقامی کاروباری اور سماجی رہنما امتیاز احمد کا کہنا تھا کہ مسئلہ فلسطین پر عالمی دنیا کی خاموشی مضحکہ خیز ہے، ہزاروں کی تعداد میں معصوم بچوں، بچیوں کو شہید کیا جا چکا ہے، ہم سب کو دنیا میں امن کی کوشش کا حصہ بننا چاہئے۔ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین میں جس طرح مسلمانوں کو شہید کیاگیا اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، ہم پوری دنیا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین میں فی الفور جنگ بندی کی جائے ، اس وقت سخت سردی میں لوگ بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ تقریب کے آخر میں امت مسلمہ کیلئے دعا کی گئی ۔