• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق بلدیاتی نمائندوں نے کوئٹہ یونٹی فورم کے قیام کا اعلان کر دیا

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے سابق بلدیاتی نمائندوں نے کوئٹہ کے مسائل کی نشاندہی و عوامی تجاویز ارباب اختیار تک پہنچانے کیلئے کوئٹہ یونٹی فورم کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا شہر ہے جس کی بہتری اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اس کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے، یہ بات سابق ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ ، میر محمد اسلم رند ، چوہدری شبیر نےجمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ، اس موقع پر دیگر سابق بلدیاتی نمائندے بھی موجود تھے ۔ میر اسلم رند نے کوئٹہ یونٹی فورم کے عہدیداروں کے ناموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین محمد یونس بلوچ ، صدر میر محمد اسلم رند ، سینئر نائب صدر حاجی فخر الدین بڑیچ ، نائب صدر نسیمہ رفیق ، جنرل سیکرٹری چوہدری محمد عاطف ، انفارمیشن سیکرٹری و ترجمان چوہدری شبیر ، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری رضا وکیل ، ڈپٹی جنرل سیکرٹری آریانہ خان ، جوائنٹ سیکرٹری جمشید خان دوتانی ، فنانس سیکرٹری نثار حسین شاہ ، جونیئر جوائنٹ سیکرٹری شکیل کیریڈ مسیح ، آفس سیکرٹری وقار ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں امن وامان کی صورتحال بگڑتی جارہی ہے، عوام کی جان و مال محفوظ نہیں ، صفائی کا نظام ، صحت ، تعلیم ، آبنوشی ، گیس کی فراہمی سمیت دیگر مسائل گمبھیر ہوتے جارہے ہیں لیکن عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ،عوام کی مشکلات اور مسائل کو مدنظر رکھ کر کوئٹہ یونٹی فورم کی بنیاد رکھی ہے جس کے ذریعے عوام کو درپیش بنیادی مسائل کی نشاندہی کے ساتھ قابل عمل عوامی تجاویز ارباب اختیار تک پہنچائی جائیں گی تاکہ عوام کو درپیش مسائل کا فوری حل ممکن ہوسکے۔ فورم کے ذریعے حکومت اور عوام کا باہمی ربط بھی ممکن بنایا جائے گا۔ کوئٹہ شہر کے مسائل کی بڑی وجہ بلدیاتی انتخابات کا نہ ہونا ہیں ۔ حقیقی مقامی افراد کو لوکل ڈومیسائل کی فراہمی کو یقینی بنانے و مسائل کے حل کیلئے عوام کی تجاویز حکام کے سامنے رکھنے کی کوشش کریں گے ۔
کوئٹہ سے مزید