کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے بیوہ کو پینشن کی عدم ادائیگی کے خلاف درخواست پر ایم سی سے جواب طلب کرلیا،درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ کے ایم سی ملازم عشرت پرویز 2003 میں انتقال کرگئے تھے، کے ایم سی حکام نے سروس کی مدت کی بنیاد پر بیوہ کو پینشن جاری کرنے سے انکار کیا، مرحوم ملازم کی ملازمت 9 سال 6 ماہ اور 12 دن تھی ، کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ قواعد کے مطابق پینشن کیلئے10سالہ سروس ضروری ہے، جسٹس عدنان الکریم میمن نے ریمارکس دیئے کہ یہاں مدت ملازمت تقریباً پوری ہوگئی ہے، کے ایم سی کو تھوڑی نرمی دکھانی چاہئے تھی، درخواست گزار لے وکیل نے کہا کہ وزیر اعلٰی سندھ نے پینشن کے معاملات میں دو سال کی نرمی کا حکم دیا تھا، کے ایم سی کے وکیل نے کہا کہ میئر کراچی سے مزید ہدایت لینے کے لئے مہلت دی جائے، عدالت نے کے ایم سی سے 13 جنوری تک جواب طلب کرلیا۔