کراچی ( اسٹاف رپورٹر)چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے محکمہ اوقاف، زکوٰۃ و عشر کو درگاہوں کی تزئین و آرائش میں محکمہ ہیریٹیج کو شامل کرنے کی ہدایت کر دی ،محکمہ اوقاف کو تمام دکانوں مارکیٹ ریٹ پر کرائے پر دینے کا حکم ،تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت محکمہ اوقاف، زکوٰۃ و عشر کا اجلاس منعقد ، اجلاس میں محکمہ اوقاف کی زمینوں سے غیر قانونی قبضہ ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ، چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت دی کہ محکمہ اوقاف کی تمام دکانیں اور زرعی زمینیں مارکیٹ ریٹ کے مطابق کرائے پر دی جائیں اور اس عمل کو شفاف بنایا جائے ،چیف سیکریٹری نے ہدایت دی کہ درگاہوں کے لنگر خانوں کا معائنہ سندھ فوڈ اتھارٹی کے ذریعے کیا جائے تاکہ ان مقامات پر زائرین کو صاف اور معیاری کھانے کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے، سیکریٹری اوقاف نے بتایا کہ محکمہ اوقاف کے پاس صوبے بھر میں 10823ایکڑ زرعی زمین موجود ہے، جبکہ 2226دکانیں، 19گودام اور 810 فلیٹس ملکیت ہیں، اس سال پراپرٹی کی مد میں محکمے کو 103 ملین روپے موصول ہوئے ہیں اور 870 ملین روپے کے 44 ترقیاتی منصوبے زیر تعمیر ہیں۔