کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی بورڈ آف ریونیو کو ریکارڈ آف رائٹس کو دوبارہ تحریر کرنے کی ہدایت ، صوبے بھر میں زمینوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کرنے کا حکم ، ریکارڈ آف رائٹس کی تحریر نو کا فارم آسانی سے تصدیق ہو جانا چاہیے، وزیراعلیٰ 2ہفتے میں ڈیجیٹل فارم ڈیزائن کرکے پیش کریں، تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت بورڈ آف ریونیو کا ایک اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوس میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ آغا واصف ، سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو بقااللہ انڑ، ممبر بورڈ آف ریوینیو آر ایس اینڈ ای پی غلام عباس نائچ اور اسپیشل سیکریٹری جی اے زمان ناریجو، پی ڈی ایل اے آر ایم ایس سیف للہ ابڑو، ممبر آر اینڈ ایس محسن شاہ کی شرکت کی، اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریکارڈ آف رائٹس کو دوبارہ مرتب کرے اور شفاف عمل کے ذریعے سرخ نشان زدہ کسی بھی مشکوک اندراج کو کلیئر کرے جوکہ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ حقدار مالکان کو انکے قانونی حقوق مل جائیں،اجلاس میں وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ بورڈ آف ریونیو نے 2019 میں ریکارڈ آف رائٹس میں 946000 اندراجات کو بلاک کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ ریکارڈ آف رائٹس ایک قانونی دستاویز ہے اور متاثرہ فریقوں کی پہلی سماعت کے بغیر کسی بھی اندراج کو مشکوک قرار دینے کی کوئی قانونی بنیاد نہیں ہے۔