اسلام آباد (این این آئی) پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کی اسلام آباد میں رہائش گاہ پر اپوزیشن اتحاد سنی اتحاد کونسل اور پی ٹی آئی کے رہنماؤں کا اجلاس ہوا۔ محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سابق اسپیکر اسد قیصر، صاحبزادہ حامد رضا، عمر ایوب خان اور سربراہ مجلس وحدت مسلمین مولانا ناصر عباس نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال، حکومت کے ساتھ ممکنہ مذاکرات سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ حکومت کیساتھ مذاکرات برابری کی بنیاد پر ہونگے۔ پی ٹی آئی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ 26نومبر کو ہمارے کارکنوں کو گولی ماری گئی، 200 سے زائد کارکن غائب ہیں، 26نومبر اور 9 مئی 2023کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اگر شرائط نہیں مانی گئیں تو سول نافرمانی کی تحریک کے حوالے سے عمران خان کے حکم کی تعمیل ہوگی۔