• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلستان جوہر، ڈاکوؤں کی فائرنگ، بائیک رائیڈر قتل، رواں برس 107 شہری نشانہ بن چکے

کراچی (اسٹاف رپورٹر )گلستان جوہر میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے بائیک رائیڈر کو قتل کردیا،رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوںکی تعداد 107 ہو گئی ،فائرنگ کے دیگر واقعات میں دو افراد زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر منور چورنگی کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی ۔ پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اس کی جیب سے ملنے والے ڈرائیوننگ لائسنس کی مدد سے 35 سالہ فہد حسین کے نام سے کئی گئی۔واقعہ ڈکیتی مزاحمت کے دوران پیش آیا ۔ مقتول کسی نجی کمپنی کے پلیٹ فارم پر موٹر سائیکل چلاتا تھا اور کورنگی کا رہائشی تھا ۔واقعہ کی سی سی ٹی فوٹیج بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقتول واقعے کے وقت موٹر سائیکل پر درخت کے نیچے کھڑا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار ملزمان آئے اور اس سے موبائل فون چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہونے لگے۔ مقتول نے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے ملزم کو عقب سے پکڑا تو دوسرے ملزم نے اس پر فائرنگ کردی جس سے فہد موقع پر جاں بحق ہوگیا ۔ پولیس کے مطابق فہد کودو گولیاں لگی ہیں جس میں ایک گولی سینے پر بائیں جانب سے لگی جو دائیں کندھے سے باہر ہوگئی جبکہ دوسری گولی پیٹ میں لگی جو کمر سے پار ہوگئی ۔مقتول کے پاس اس کا موبائل فون موجود نہیں تھا ممکنہ طور پر اس کا موبائل فون ڈاکو چھین کر فرار ہوگئے ہیں ۔پولیس کے مطابق واقعہ کی مزید تفتیش کا جاری ہے ۔رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد مجموعی طور پر 107 ہوگئی ہے ۔ پولیس نے بتایاکہ مقتول آوٹ سورس موٹرسائیکل چلاتا تھا۔ ابتدائی طور یہ واقعہ ڈکیٹی مزاحمت کا ہے۔مقتول کےکزن علی گجر نے بتایا کہ مقتول غیر شادی شدہ تھا۔اس کی چار بھائی اور دو بہنیں ہیں۔مقتول شاہ فیصل کالونی کا رہائشی تھا۔
اہم خبریں سے مزید