اسلام آ باد(نیوز ایجنسی) وفاقی حکومت نے مزید 6 آئی پی پیز کےساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جس سے 300 ارب روپے کی بچت ہوگی، اب تک 13 آئی پی پیز سے معاہدے منسوخ ہوچکے، حکومتی ذرائع کے مطابق بجلی ٹیرف میں کمی ہوگی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مہنگی بجلی پیدا کرنے والے آئی پی پیز کےساتھ معاہدوں میں ایک اور پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت نے مزید 6 آئی پی پیز کے ساتھ بجلی خریدنے کے معاہدے ختم کرنےکا فیصلہ کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ 6 آئی پی پیز کے ساتھ 2396 میگاواٹ کے معاہدے ختم کرنے سے مزید300 ارب روپے کی بچت کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق گل احمد انرجی کے ساتھ136 میگا واٹ کا معاہدہ ختم کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، اسی طرح کیپکو پاورپراجیکٹ کے1638 اور لبرٹی پاور کے 200 میگاواٹ کےمعاہدے ختم کیے جائیں گے۔
اٹک پاور کے ساتھ 165، کوہ نور انرجی کے ساتھ131 میگا واٹ اور ٹپال انرجی کے ساتھ 126 میگاواٹ کی بجلی کی خرید کے معاہدے بھی منسوخ کیے جائیں گے۔