کراچی(سید محمد عسکری) جامعہ کراچی کے سینئر پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ کو جامعہ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ میرٹ پر بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس) کا ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے تاہم معاملہ عدالت میں ہونے کے باعث ان کی تقرری کے نوٹیفکیشن کو روک لیا گیا ہے۔ جمعہ کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی زیرصدارت ہونے والے آئی سی سی بی ایس ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سلیکشن بورڈ کےذریعے منتخب ہونے والے تین ناموں پر غور کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ایم رضا شاہ کو ڈائریکٹر مقرر کرنے کی منظوری دیدی یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو وائس چانسلر جامعہ کراچی ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں 8 امیدواروں کے انٹرویوز ہوئے جب کہ دو امیدوار پروفیسر فرزانہ شاہین اور پروفیسر شبانہ سمجی نے سلیکشن بورڈ میں اپنے وکیل کا لیگل نوٹس دیا۔ ان دونوں کا کہنا تھا کہ یہ سلیکشن بورڈ قانونی نہیں ہے اور وہ دونوں خاتون امیدوار انٹرویو دیے بغیر چلی گئیں۔ تاہم سلیکشن بورڈ نے اپنی کارروائی جاری رکھی اور تین امیدواروں کے ناموں کا انتخاب کرلیا سلیکشن بورڈ میں جن اراکین نے شرکت کی ان میں شعیب صدیقی، ڈین سائنسز ڈاکٹر مسرت جہاں یوسف، نادرہ پنجوانی، عزیز جمال، ڈاکٹر محمد اشرف، ڈاکٹر شاہد پرویز شامل تھے۔ یاد رہے کہ ایچ ای جے اور انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بیالوجیکل سائنسز ( آئی سی سی بی ایس) میں 66 برس بعد سلیکشن بورڈ کا انعقاد ہوا ہے ان برسوں میں صرف تین امیدوار ہی مستقل ڈائریکٹر تعینات رہے جن میں ڈاکٹر سلیم الزماں صدیقی، ڈاکٹر عطاالرحمان اور ڈاکٹر اقبال چوہدری شامل ہیں۔ جامعہ کراچی کے صوبائ اسمبلی سے منظور شدہ ایکٹ کے مطابق ڈائریکٹر اور چیرمین کی مدت 3 برس کے لیے ہوتی ہے تاہم جامعہ کراچی نے ایکٹ کو نظر انداز کرکے بعض ڈائریکٹرز کی مدت چار برس مقرر کررکھی ہے۔