استنبول (نیوز ایجنسی) وفاقی و زیر اطلاعات و نشریا ت عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا ریگولیٹری فریم ورک بنانے کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوے کہا ہے کہ ایسا ضابطہ اخلاق نافذ کرنا ہو گا جو سب کیلئے قابل قبول ہو۔ استنبول میں ہونیوالی اسٹارٹ کام سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا سوشل میڈیا ریگولیٹری فریم ورک بنانا ناگزیر ہے اس کیلئے ٹاسک فورس تشکیل دی جانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ جب صرف ا خبارات اور ٹی وی تھا تو اطلاعات ایڈیٹوریل کنٹرول ہوتا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ایک سو گیارہ ملین انٹرنیٹ صارفین ہیں ،71ملین سوشل میڈیا اور تقریباً188ملین موبائل صارفین ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے نوجوان با صلاحیت اور محنتی ہیں ۔ ہمارے ملک کی 70فیصد آبادی نو جوانوں پر مشتمل ہے۔ ہم نوجوانون کے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا مصنوعی ذہانت کو مثبت طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔