سکھر (بیورو رپورٹ) سابق وزیر اعظم و عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکمران اپنے مفادات دیکھ رہے ہیں، عوام کا کسی کو خیال نہیں، ملک میں تین پارٹیاں اقتدار میں ہیں، پہلے بھی آئین میں ترمیم ہوتی تھی مگر اس طرح نہیں، اب تو رات کے اندھیرے میں آئین کو ہی بدل دیتے ہیں، نفاق ہوگا تو بیرونی مداخلت ہوگی، حکومت عوام کے لئے کام نہیں کررہی، حکومت میں ہونے کے باوجود ن لیگ کو کوئی پذیرائی نہیں مل رہی، ن لیگ سے میری کوئی ناراضگی نہیں. ن لیگ نے جب ووٹ کو عزت دو کے بجائے اقتدار کو عزت دو کو اہمیت دی تو علحیدگی اختیار کی۔ وہ سکھر میں میڈیا سے بات چیت کررہے تھے. انہوں نے کہا کہ جب سیاستدان ضمیر فروخت کرنا چھوڑ دیں گے تو مسائل حل ہونا شروع ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کی جیل میں تربیت ہورہی ہے۔ ہر سیاست دان جیل جاتا ہے۔ وہاں اچھی تربیت ہوتی ہے. بعد ازاں انہوں نے پارٹی عہدے داران اور کارکنان سے ملاقات کی. مختلف شخصیات نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا. سابق وزیر اعظم نے انجمن اتحاد عباسیہ کے 39 ویں سالانہ کنونشن میں بھی شرکت کی۔