ریاض(شاہد نعیم) شام کے حوالے سے عرب وزارتی کمیٹی کا خصوص اجلاس ہفتے کے روز اردن کے شہر العقبہ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر جاری بیان میں عرب رابطہ کمیٹی نے کہا کہ وہ شام میں دہشتگردی کیخلاف ہیں اور ریاست کی تعمیر کے حامی ہیں، بیان میں کہا گیا کہ اس موقع پر شامی عوام کے ساتھ کھڑا ہوا جائے، اس کے حق خود ارادیت اور انتخاب کا احترام کیا جائے جو شام کی تمام سیاسی اور سماجی قوتوں کی شکل میں ہو اور جس میں خواتین، نوجوان اور سول سوسائٹی شامل ہو۔ اس عمل کو اقوام متحدہ اور عرب لیگ کی سرپرستی حاصل ہو گی۔ اختتامی بیان میں شام سے متعلق عرب وزارتی رابطہ کمیٹی کے ارکان نے شام میں ایک جامع پُر امن سیاسی منتقلی کے عمل کی حمایت پر زور دیا۔بیان میں واضح کیا گیا کہ شام کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کے کردار کو سپورٹ کرنے اور شام میں عبوری سیاسی منتقلی کے سلسلے میں شام کی مدد کے لیے اقوام متحدہ کے ایک مشن کے قیام پر کام شروع کرنے کی ضرورت ہے۔