کراچی(اسٹاف رپورٹر)جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں31ویں سنڈیکیٹ اجلاس میں طلبہ کونسل کو یونین کے طور پر کام کرنے کی منظوری ،31واں سنڈیکیٹ اجلاس ہفتہ کو وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن کی زیر صدارت منعقد ہوا۔رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان کی طرف سے پیش کردہ ایجنڈے کی منظوری متفقہ طور پر دی گئی۔ اجلاس کے دوران کمپیوٹر آپریٹر/ڈیٹا پروسیسنگ آفیسر کے عہدے کو سینئر ڈیٹا پروسیسنگ آفیسر میں اپ گریڈ کرنے کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے 16ویں اور 17ویں اجلاس کی منٹس کو بھی منظور کیا گیااساتذہ کے انتخاب کے لیے مختلف شعبہ جات میں چیئرمین شپ کے انتخاب کی منظوری بھی دی گئی۔ مستقل ملازمت سے مستقل ملازمت کے لیے تدریسی عملے کی تقرری پر بھی بحث کی گئی اور منظور کی گئی۔سنڈیکیٹ نے سلیکشن بورڈ کے 194ویں تا 198ویں اجلاس کی منٹس کو بھی منظور کیا۔ اس کے علاوہ، انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ٹیکنالوجی اور انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل ایجوکیشن میں طلبہ کی تعداد میں اضافے کی وجہ سے اضافی تدریسی عہدوں کی تقرری کی منظوری بھی دی گئی۔پروفیسر ڈاکٹر شائستہ افیندی کی نامزدگی کو 2013 کے JSMU ایکٹ کے تحت سنڈیکیٹ کے نمائندہ کے طور پر ایفلی ایشن کمیٹی میں منظور کیا گیا۔