کراچی( رپورٹ/ اختر علی اختر ) برٹش قونصلیٹ کراچی میں شاندار میوزیکل نائٹ کے موقع پر موسیقی کےرنگ چھائے رہے،نئی نسل کے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگرز نے مختلف پاکستانی اورانگلش سونگز پیش کرکےموسیقی کے متوالوں کے دل جیت لیے۔ نامور پاپ سنگر حسن رحیم اور ڈی جے سڈ نے محفل میں چار چاند لگادیئے۔ اس ’’خُوبصورت شام‘‘ میں مختلف ممالک کے افسران کی شرکت نے چار چاند لگائے اورموسیقی کے دیوانے جُھومتے رہے۔ اس موقع پر برطانوی قونصلیٹ کو برقی قمقموں سے سجایا گیا،سُروں کی برسات ہوتی رہی۔میوزیکل نائٹ میں بین الاقوامی شہرت یافتہ پاپ سنگر حسن رحیم اور ڈی جے سڈ نے اپنے نئے اور دل چُھولینے والے انداز سے زبردست پرفارمینس کا مظاہرہ کیا۔پروگرام کی ہوسٹ زہرہ مرچنٹ نے منفرد اسٹائل سے فنکاروں کو تالیوں کی گونج میں اسٹیج پر مدعو کیا۔ پاکستانی فلموں کے معروف ہدایتکار وجاہت رؤف، اداکار و گلوکار عاشر وجاہت، کشمیر بینڈ کے بلال علی،ماریہ علی،عدنان ظفر،اسامہ ناصر،دانیال کنول اور بلال حسن نے خصوصی شرکت کی۔پروگرام کے آرگنائزر طلحہ ہاشم کا کہنا تھا کہ ہم اسپاٹیفائی کے ذریعے نئی نسل کے ٹیلنٹ کو دنیا بھر میں متعارف کروایا ہے۔