کراچی (نیوز ڈیسک) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیٹ کی ویسی رفتار دستیاب نہیں، جس طرح ہونی چاہیے، انٹرنیٹ آج ایک اہم ترین ضرورت بن چکا ہے، فائبرآئزیشن پالیسی اور فائیو جی سے انٹرنیٹ کی صورتحال میں بہتری آئے گی، وزیر اعظم نے اپنی سربراہی میں نیشنل ڈیجیٹل کمیشن بنایا ہے۔ وزیر مملکت شزہ فاطمہ نے نیشنل براڈ بینڈ نیٹ ورک فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان کا بل آج قومی اسمبلی میں پیش کیا جائیگا، بل جلد منظور ہونے کی امید ہے، بل کی منظوری کے بعد نیشنل ڈیجیٹل کمیشن کا قیام عمل میں لائے جائیگا جسکے سربراہ وزیراعظم ہونگے، امید ہے اپوزیشن ڈیجیٹل پاکستان بل پر ساتھ دیگی۔انہوں نے کہا کہ نیشنل ڈیجیٹل کمیشن میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور اہم صوبائی وزرا بھی شامل ہونگے۔