کوئٹہ(پ ر)تحریک انصاف کے رہنماحاجی سیف اللہ خان کاکڑ نے کہا ہے کہ بانی عمران خان کی قید کو500دن مکمل ہو گئے ان500دنوں میں جو ظلم وستم ان پر ڈھائے گئے وہ ناقابل بیان ہیں مگر اللہ کی مدد اور قوم کی بھرپور حمایت سے عمران خان اب بھی ڈٹے ہوئے ہیں اور کسی قسم کی ڈیل کے امکان کو انہوں نے قطعی طورپر مسترد کردیا ان کی یہ جدوجہد اور قربانیاں اقتدار کیلئے نہیں صرف اور صرف غریب عوام اور اس ملک کیلئے ہیں۔ یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان پر جس قدرذہنی ٹارچر کیا گیا انہیں جواذیتیں دی گئیں ان کی مثال دنیا کی تاریخ میں نہیں ملتی مگر انہیں توڑا نہ جاسکا،ماضی میں بھی کئی لیڈرگرفتار ہوئے مگر وہ ڈیل کرکے ملک سے بھاگ گئے، عمران خان نے جدوجہد وقربانیوں کی جوتاریخ رقم کی ہے وہ تاقیامت یاد رکھی جائیگی، انہوں نے کہا کہ عمران خان جیت چکے ہیں،مگر مخالفین اپنی انا اور ہٹ دھرمی کی وجہ سے شکست تسلیم کرنے سے انکاری ہیں ۔ایک عمران خان کو توڑنے کیلئے ملک کی معیشت تباہ وبرباد کر دی گئی اورپھلتے پھولتے ملک کا کباڑا کر دیا گیا مگر عمران خان کو جھکایا نہ جاسکا ۔انہوں نے کہا کہ ظلم کی یہ رات بس اب ختم ہونے والی ہے، حقیقی آزادی کیلئے ایک روشن صبح ملک وقوم کی منتظر ہے، قوم ڈٹی رہے ظالموں چوروں لٹیروں کا آخری وقت آن پہنچا ہے۔